عیدالاضحیٰ کے موقع پر خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت ہائی الرٹ، کنٹرول روم قائم

پشاور (ویب ڈیسک): عیدالاضحیٰ کے موقع پر محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام ضلعی ہیلتھ افسران، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ آج سے 31 مئی تک مؤثر ڈیوٹی روسٹر فوری طور پر مرتب کیے جائیں اور کسی بھی عملے کی غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران تمام ہیلتھ فیسلٹیز مکمل طور پر فعال رہیں گی اور ایمرجنسی وارڈز میں میڈیکل و پیرا میڈیکل عملے کی بھرپور موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

محکمہ صحت نے ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی واقعات سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کے ایمرجنسی یونٹس میں اضافی عملہ تعینات کرنے، ضروری ادویات اور طبی سامان کا وافر ذخیرہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آفس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو آج سے 31 مئی تک روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک فعال رہے گا۔ ڈاکٹر فضل رحمان کو کنٹرول روم کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے شہریوں کی سہولت کے لیے ہنگامی صورتحال یا شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن نمبر 091-9210851 بھی جاری کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔