سکھر (ویب ڈیسک): سکھر کے علاقے گولیمار میں واٹر سپلائی کے پانی کی مبینہ چوری کے خلاف شاہ فیصل کالونی، بلال کالونی اور بہٹی محلے کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ گولیمار انڈسٹریل ایریا سے آنے والی واٹر سپلائی لائن سے بااثر ٹاؤن چیئرمین طارق حسین چوہان کی فیکٹری کے لیے غیر قانونی کنکشن لگایا گیا ہے۔
مظاہرین کے مطابق مبینہ طور پر یہ غیر قانونی کنکشن سردار شاہ کی مدد سے لگایا گیا، جس کے باعث رہائشی علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی اور شہری کئی روز سے شدید پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ جب مبینہ چوری کی لائن پکڑی گئی تو ٹاؤن کے وائس چیئرمین مرتضیٰ گھانگرو کو موقع پر بلایا گیا، جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے میں کوئی بھی شخص ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
احتجاج میں عبدالقیوم کہوسو، امتیاز کہوسو، امام الدین ملک، بھار علی کہوسو، سید عباس علی شاہ، گل حسن کہوسو، نظام الدین ملک سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ واٹر سپلائی لائن صرف رہائشی علاقوں کے لیے مختص ہے اور کسی بھی فیکٹری کو پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔