کوئٹہ میں زمین کے تنازع پر دل دہلا دینے والا واقعہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد قتل

کوئٹہ میں زمین کے تنازعے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک باپ، اس کے تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب مخالفین نے ایک گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تمام پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب واقعے کے خلاف مقتولین کے اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے سریاب روڈ پر شدید احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔ مظاہرین نے لاشیں سڑک پر رکھ کر ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ملزمان کو فوری گرفتار نہیں کیا جاتا اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اسی زمین کے تنازع پر اس سے قبل بھی ان کے خاندان کے 3 افراد کو قتل کیا جا چکا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام موقع پر موجود ہیں اور مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔