کراچی میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا فائرنگ سے قتل

کراچی کے علاقے ملیر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد دونوں افراد کی لاشیں گاڑی کی پچھلی سیٹ سے برآمد ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول جوڑا عدالت سے واپسی پر گاڑی میں سوار ہو کر ملیر کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں ان پر فائرنگ کی گئی۔ گاڑی کے مختلف حصوں پر گولیوں کے متعدد نشانات بھی موجود ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں نے گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کی تھی اور ان کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ بھی درج تھا۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں پسند کی شادی کے تنازعات پر تشدد اور قتل کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔