کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکا ریلوے ٹریک کے قریب سے گزرنے والی ٹرین کے پاس ہوا، جس کے فوراً بعد ٹریک کے قریبی حصے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے اور کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے معاون خصوصی برائے داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس واقعے کی مکمل معلومات اکٹھی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں تمام متعلقہ اداروں اور امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ریسکیو اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔