پشاور سے اغوا 11 سالہ بچی شکارپور کے کچے سے بازیاب

پشاور سے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی حورم سعید پٹھان کو شکارپور کے کچے کے علاقے میں سندھ پولیس کے کامیاب آپریشن کے دوران بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر شکارپور پولیس نے کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں سخت آپریشن کیا، جس دوران مرکزی اغواکار ڈاکو عبدالوحید عرف مُلا ہلاک جبکہ متعدد ڈاکو زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق کامیاب کارروائی پر آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک اور آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اغوا کی خبروں کا نوٹس لینے کے بعد ایس ایس پی شکارپور کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اسی آپریشن کے دوران لاہور کی رہائشی جنیفر عامر مسیح کو بھی بازیاب کروایا گیا۔

آپریشن میں دو اغواکار عبدالوحید عرف ملا اور یاسین بنگلانی مارے گئے۔ آئی جی سندھ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغوی بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروایا۔