کراچی پولیس کے ایسٹ زون کے تھانہ بریگیڈ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ایک خطرناک گینگ کے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں محکمہ ایکسائز کا حاضر سروس انسپکٹر بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں انسپکٹر حامد، عرفان، شاہزیب، شہریار، عامر، آفاق، جمشید اور زین شامل ہیں۔ ملزمان شہریوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرتے تھے اور وارداتوں کے دوران پولیس کی وردی استعمال کرتے تھے۔
تحقیقات کے مطابق گینگ نے حال ہی میں ایک شہری کو اغوا کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے تاوان وصول کیا تھا۔ کارروائی کے دوران 4 ملزمان سرکاری وردی میں ملبوس تھے جبکہ ان کے قبضے سے 4 پستول اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور مزید وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔