لاہور: جہیز کے سامان میں پراسرار آگ، 15 لاکھ سے زائد کا سامان جل کر خاکستر

لاہور کے علاقے گجومتہ میں ایک مکان کے اندر رکھے گئے جہیز کے سامان میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا۔متاثرہ خاندان کے مطابق آگ لگنے سے 2 موٹر سائیکلیں، 2 فریج، 2 واشنگ مشینیں اور دیگر گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔مکان مالک اور متاثرہ خاندان نے کرایہ داروں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ کرایہ اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر اکثر جھگڑے رہتے تھے۔متاثرہ خاندان کے مطابق کرایہ داروں میں شامل ایک پولیس اہلکار کی بیٹی نے پہلے سامان ہٹانے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ ذاتی دشمنی کے باعث لگائی گئی یا یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا۔پولیس حکام کے مطابق تھانہ کاہنہ میں درخواست جمع کر لی گئی ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ لگانے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔