شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، مطلوب خوارج سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب سرغنہ عمر عرف جان میر عرف طور ثاقب کو اس کے 4 ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد عمر عرف جان میر کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔ وہ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر ہونے والے متعدد دہشت گرد حملوں کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے سپن وام میں بوبالی مسجد کے اطراف زیر زمین بنکرز اور بارودی سرنگوں کا جال بچھا رکھا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق اس کامیاب کارروائی سے شدت پسند گروہ کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق ملک بھر میں آپریشن عزمِ استحکام کے تحت شدت پسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔