کراچی: پولیس میں بڑا انتظامی اقدام، 11 ایس ایچ اوز ڈی نوٹیفائی

کراچی میں پولیس کے اندر بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے 11 ایس ایچ اوز کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے، جن میں سائٹ اے، گارڈن، گلشن معمار، گڈاپ سمیت مختلف تھانوں کے افسران شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی رینج میں مختلف انکوائریوں کا سامنا کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، اور انہیں عارضی طور پر ایس ایچ او کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک ان افسران کو ایس ایچ اوز کی ذمہ داریوں سے الگ رکھا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت آرٹلری میدان، بلال کالونی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سائٹ اے، گارڈن، گلشن معمار اور گڈاپ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہٹایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین تھانے کی ایس ایچ او کو بھی ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ان افسران کے خلاف مختلف نوعیت کی انکوائریاں جاری ہیں اور حتمی فیصلے تک انہیں فیلڈ ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات پر کی گئی ہے، جبکہ محکمانہ تحقیقات کا عمل جاری رہے گا۔