پنجاب میں عیدالاضحیٰ پر دفعہ 144 نافذ، اہم پابندیاں عائد

پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں عائد ہوں گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 27 مئی سے ہوگا اور یہ پابندیاں 2 جون تک برقرار رہیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی تحفظ، امن و امان اور ماحول کو بہتر رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

حکومتی احکامات کے تحت عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی ہوگی، جبکہ جانوروں کی آلائشیں، فضلہ اور اوجھڑی مین ہولز، نالیوں یا نہروں میں پھینکنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ دریاؤں، جھیلوں، نہروں اور ڈیمز میں نہانے اور تیراکی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ صرف منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ہی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت ہوگی، جبکہ غیرقانونی مقامات پر مویشی منڈیاں لگانے پر کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں اکٹھی کر سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔