پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی

عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں، جہاں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 68 ڈالر کمی کے بعد 4480 ڈالر تک آ گیا، جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔

بدھ کے روز پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 800 روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 70 ہزار 362 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 830 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 3 ہزار 259 روپے تک پہنچ گئی۔

چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فی تولہ چاندی 125 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 974 روپے کی سطح پر آ گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے رجحانات مقامی مارکیٹ پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب دنیا بھر میں معاشی یا سیاسی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی سطح پر سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔