انمول عرف پنکی کے علاوہ کراچی میں کون کون آن لائن منشیات فروخت کررہا ہے؟ تہلکہ خیز رپورٹ سامنے آگئی

کراچی میں آن لائن منشیات فروشی کا خطرناک رجحان تیزی سے بڑھنے لگا ہے، اور اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک اہم رپورٹ نے شہر میں سرگرم متعدد نیٹ ورکس سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انمول عرف پنکی سمیت تقریباً 70 افراد کراچی کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ منشیات فروش اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو خاص طور پر نشانہ بنا رہے ہیں۔ آئس، کرسٹل اور ویڈ جیسی خطرناک منشیات آن لائن آرڈرز کے ذریعے سپلائی کی جارہی ہیں، جس نے والدین اور تعلیمی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

رپورٹ میں انمول عرف پنکی کا نام بھی شامل کیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر درخشاں تھانے کی حدود میں بڑے پیمانے پر آن لائن منشیات کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ اس کے علاوہ انکشاف ہوا ہے کہ خواتین بھی اس غیرقانونی نیٹ ورک میں سرگرم کردار ادا کررہی ہیں۔ صدر کے علاقے میں سمیرہ عرف بے بی مبینہ طور پر ایک منظم آن لائن منشیات نیٹ ورک چلا رہی ہے، جبکہ سائٹ اے کے علاقے میں لال جان اور مہرالنساء عرف بیبل کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ساوتھ میں سب سے زیادہ 45 آن لائن منشیات فروش سرگرم ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سٹی میں 3، ملیر میں 2، ویسٹ میں 5، ایسٹ میں 4، کیماڑی میں 4 اور سینٹرل میں 7 افراد اس غیرقانونی سرگرمی میں ملوث بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کراچی میں آن لائن منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والی غیرقانونی سرگرمیوں کی نگرانی بھی سخت کیے جانے کا امکان ہے۔