موٹروے پولیس کی جانوروں کی گاڑیوں میں مسافروں کی ترسیل پر سخت وارننگ

اسلام آباد میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جانوروں کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں میں مسافروں کو بٹھانے پر ڈرائیوروں کو سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی گاڑیوں کے ذریعے مسافروں کی نقل و حرکت نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔موٹروے پولیس نے مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جانوروں کی ترسیل کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں اور کسی بھی غیر قانونی سواری یا اوور لوڈنگ سے مکمل گریز کریں۔حکام کے مطابق ٹریفک اور لوڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ این ایچ ایم پی نے شہریوں اور ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے شاہراہوں پر حادثات کی شرح کم کرنے میں تعاون کریں۔