کراچی: شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی موسم کو گرم اور مرطوب قرار دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماہرین موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو جیسی صورتحال میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کو معمول بنائیں۔ خاص طور پر بچے، بزرگ افراد اور بیمار شہری شدید گرمی کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے انہیں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو صبح یا شام کے نسبتاً ٹھنڈے اوقات میں انجام دیں جبکہ دوپہر کے وقت گھروں یا ٹھنڈی جگہوں پر رہنے کو ترجیح دیں۔ باہر نکلتے وقت ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں اور سن اسکرین لگانا نہ بھولیں۔
ہیٹ ویو کے دوران گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے دن کے اوقات میں پردے بند رکھنے اور رات کے وقت کھڑکیاں کھولنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پنکھے، کولر اور ٹھنڈے پانی کا استعمال جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کو شدید پیاس، چکر آنا، قے، تیز بخار، سانس میں دشواری یا بے ہوشی جیسی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر قریبی اسپتال یا طبی مرکز سے رجوع کیا جائے۔