کراچی میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کے نان کسٹم پیڈ موبائل فونز برآمد، اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی کے علاقے سائٹ بی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے نان کسٹم پیڈ موبائل فونز برآمد کرلیے۔ ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 137 موبائل فونز قبضے میں لیے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ موبائل فونز بلوچستان سے بس کے ذریعے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پہنچائے گئے تھے، جہاں سے انہیں گاڑی کے ذریعے کراچی کی موبائل مارکیٹ منتقل کیا جارہا تھا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز اور گاڑی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کسٹمز حکام کے حوالے کردی جائے گی۔دوسری جانب کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے بھی ایک بڑی کارروائی کے دوران 9 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ایک ٹمپرڈ لینڈ کروزر ضبط کرلی۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق کارروائی کراچی حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سے 564 اعلیٰ معیار کے اسمگل شدہ موبائل فونز برآمد ہوئے۔