اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط اور اہداف کے مطابق بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاور سیکٹر سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام میں کارکردگی اور مالی استحکام کو بہتر بنانا ہے۔ کمیٹی نے تینوں تقسیم کار کمپنیوں کے مالیاتی لین دین کے ڈھانچے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ہر ڈسکو میں 51 فیصد سے 100 فیصد تک شیئر کیپٹل کی مکمل فروخت کی پیشکش کی جائے گی۔ آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کے شیئرز کے ساتھ مینجمنٹ کنٹرول بھی نجی شعبے کو منتقل کیا جائے گا، جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کے انتظامی اختیارات نجی شعبے کو دینے سے بجلی کی فراہمی کو زیادہ مؤثر اور قابل اعتماد بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور نجی شعبے کی ماہرانہ خدمات سے فائدہ اٹھانا ہے۔