حیدرآباد کے ایک شہری نے شکایت کی ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ریکارڈ میں اسے فوت شدہ ظاہر کیا گیا ہے، حالانکہ وہ زندہ ہے۔نادرا حکام کے مطابق کسی بھی شہری کو اس وقت تک فوت شدہ قرار نہیں دیا جاتا جب تک متعلقہ یونین کونسل سے اس کی فوتگی کا اندراج موصول نہ ہو۔ حکام نے بتایا کہ یہ مسئلہ عموماً دو وجوہات کی بنا پر پیش آتا ہے، جن میں خاندان کے کسی فرد کی جانب سے غلطی سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرانا یا شناختی کارڈ نمبر کی غلط اندراج شامل ہے۔نادرا نمائندے کے مطابق متاثرہ شخص کو سب سے پہلے متعلقہ یونین کونسل جا کر اپنا ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کرانا ہوگا۔ یونین کونسل سے ریکارڈ درست ہونے کے بعد شہری کسی بھی نادرا دفتر جا کر بائیومیٹرک تصدیق کروائے، جس کے بعد اس کا ریکارڈ دوبارہ اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا۔