جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان6 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ پارٹی ترجمان اسلم غوری کے مطابق ایئرپورٹ پر علامہ راشد سومرو، قاری عثمان اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔مولانا فضل الرحمان آج منگھوپیر روڈ پر ہونے والی ’’وحدتِ امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کریں گے۔ دورۂ کراچی کے دوران وہ پیر صاحب پگارا سمیت مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔مولانا فضل الرحمان نے حالیہ دنوں میں حکومت کی معاشی پالیسیوں، مہنگائی اور پارلیمانی رویے پر سخت تنقید کی ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر سنجیدہ بحث نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ حکومت زمینی حقائق سے دور نظر آتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی آواز دبانے اور پارلیمنٹ میں برابر حقوق نہ دینے کا الزام بھی عائد کیا۔