وزیر خوراک سندھ کا بڑا ایکشن: گندم میں کروڑوں کی خردبرد پر کئی افسران برطرف، متعدد کو شوکاز نوٹس

وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی ہدایت پر محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن، گندم اسٹاک میں کمی اور غبن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ مختلف اضلاع میں گندم کی ہزاروں بوریاں کم ہونے پر کئی افسران کو ملازمت سے برطرف جبکہ متعدد کو فائنل شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔قبو سعید خان میں 65 ہزار 393 گندم کے تھیلوں کی خردبرد پر امان اللہ مگسی، ٹھل جیکب آباد میں اسٹاک کمی پر زیب علی مگسی، جبکہ کندھ کوٹ میں 10 ہزار 300 میٹرک ٹن گندم کی کمی پر ظہیر احمد بروہی کو برطرف کر دیا گیا۔دربیلو اور PRC مورو میں بھی گندم اسٹاک کی بڑی کمی سامنے آنے پر متعلقہ افسران کو فائنل شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ لاکھا روڈ، کوٹری کبیر، پڈعیدن، نورپور اور محرابپور کے افسران کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔وزیر خوراک نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کرپٹ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نقصان کی مکمل وصولی کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے۔