خودکش بمبار کو روکنے والے لیاقت شہید کیلئے ستارۂ شجاعت کا اعلان

اسلام آباد میں قومی ہیرو لیاقت شہید کی بہادری کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ملک کے دوسرے بڑے سول اعزاز برائے بہادری “ستارۂ شجاعت” دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی سفارش پر صدرِ پاکستان نے لیاقت شہید کیلئے اس اعلیٰ اعزاز کی منظوری دی، جبکہ شہید کے اہل خانہ اعزاز وصول کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔لیاقت شہید نے دورانِ ڈیوٹی غیر معمولی جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خودکش بمبار کو اس کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے روک لیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران وہ شہید ہوگئے، تاہم اپنی جان قربان کرکے انہوں نے سینکڑوں قیمتی جانیں بچا لیں۔ان کی قربانی اور بہادری کو قوم کیلئے ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے بھی لیاقت شہید کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔