کراچی: شہر قائد میں الفلاح شعبہ تفتیش پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے عید سے قبل مارکیٹ میں جعلی کرنسی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ الفلاح انویسٹی گیشن پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران جعلی کرنسی فروخت کرنے والے نیٹ ورک کے 3 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان کے مطابق گرفتار ملزمان شہر میں کم قیمت پر جعلی نوٹ فروخت کرتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ 5 ہزار روپے کا جعلی نوٹ صرف ایک ہزار روپے میں فروخت کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ عید سے قبل جعلی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا، جس سے ممکنہ بڑے مالی فراڈ سے بچاؤ ممکن ہوا۔