خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پشاور: خیبرپختونخوا میں بارش کا طاقتور سسٹم داخل ہونے کو تیار ہے، جس کے باعث مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ممکنہ خطرناک صورتحال کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے پر شدید موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آج سے صوبے کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا۔الرٹ کے مطابق بالائی اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث فلیش فلڈ (اچانک سیلابی ریلے) اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ سوات، چترال، دیر اور کوہستان جیسے علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، حساس علاقوں کی نگرانی بڑھائی جائے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے۔شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں۔اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے بھی ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، پشاور، سوات، چترال، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔