کراچی: ملیر جیل سے قیدی کے مبینہ فرار کا واقعہ، انتظامیہ میں ہلچل

کراچی (ویب ڈیسک): ڈسٹرکٹ ملیر جیل سے ایک قیدی کے مبینہ طور پر فرار ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد جیل انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق جیل میں ایک تقریب کے بعد قیدیوں کی گنتی کی گئی تو ایک قیدی کم پایا گیا۔ اس کے بعد فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔مفرور قیدی کی شناخت نوید عرف پولکا کے طور پر کی گئی ہے، جسے چند روز قبل جوہرآباد پولیس نے قتل اور اغوا کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ الزام ہے کہ اس کی نشاندہی پر ایک مغوی کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق قیدی نوید نے مبینہ طور پر تاجر ریحان کو اغوا کے بعد قتل کیا تھا۔ اس کی تلاش کے لیے گزشتہ تین گھنٹوں سے جیل میں سرچنگ جاری ہے، تاہم اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ملیر جیل سے 225 قیدی فرار ہو گئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی سخت کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے دعوے کیے گئے تھے۔مزید رپورٹ کے مطابق نوید عرف پولکا ماضی میں صحافی ولی بابر قتل کیس میں بھی گرفتار رہ چکا ہے، تاہم بعد ازاں شواہد کی کمی پر اسے بری کر دیا گیا تھا۔آئی جی جیل خانہ جات، ڈی آئی جی اور ملیر جیل انتظامیہ نے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔