کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے نیو کراچی صدیق آباد قبرستان کے قریب پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی پر مشتمل ایک انتہائی منظم اور خطرناک ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی ہوئے، جس کے بعد ایک خاتون سمیت مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے 64 لاکھ روپے کی بڑی ڈکیتی کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ 20 اپریل کو نیو سبزی منڈی گیٹ پر پیٹرول پمپ کے مالک سے 64 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث تھا۔ واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے پیٹرول پمپ مالک کو فائرنگ کر کے زخمی بھی کیا تھا، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پہلے ہی پولیس کے قبضے میں موجود تھی۔تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان سرجانی ٹاؤن میں ایک میڈیکل اسٹور پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں بھی ملوث رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں سرگرم تھا اور مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔