چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کر لیا

یحییٰ آفریدی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس آئندہ جمعرات 14 مئی کو طلب کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ججز کے خلاف زیرِ سماعت شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق 6 ججز کے خط پر بھی غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلوں سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، جس کے تحت جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ججز کی ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں ذاتی طور پر سنا جائے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرانسفر سے متعلق فیصلہ کرنے سے پہلے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ان کا مؤقف سننا ضروری ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ججز کی ٹرانسفر کے لیے اجلاس بلانے کے حق میں نہیں تھے، تاہم سرفراز ڈوگر کی جانب سے 5 ارکان کی ریکوزیشن پر سپریم جوڈیشل کونسل کا گزشتہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔