وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک موصول ہونے والی درخواستوں اور منظور شدہ کیسز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سید نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکریٹری ہاؤسنگ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے عوام کو گنجائش کے مطابق ریلیف فراہم کیا ہے اور مزید سہولتیں دینے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔
سیکریٹری ہاؤسنگ محمد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پالیسی ہاؤسنگ فنانس کی بحالی کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت 10 مرلہ تک کے پلاٹس کے لیے دستیاب ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ قرض پر پہلے 10 سال کے لیے 5 فیصد مارک اپ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس کے بعد مارکیٹ ریٹ لاگو ہوگا۔
سیکریٹری ہاؤسنگ کے مطابق 30 اپریل تک پورٹل پر مجموعی طور پر 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ اب تک 8 ہزار 990 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے لیے اب تک 37 ارب 15 کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ ایک ارب 80 کروڑ روپے جاری بھی کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ دستاویزات اور تصدیق کا عمل مزید آسان اور تیز بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔