سکھر (ویب ڈیسک): سکھر میں گرین فیلڈ ایئرپورٹ منصوبے کے حوالے سے ایک اہم سیمینار اور اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول ایوی ایشن، تاجر برادری، ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل زیشان سعید بھی شریک ہوئے۔
اہم نکات:
آئندہ تین ماہ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ سکھر کا نیا ایئرپورٹ کہاں تعمیر ہوگا۔
ایئرپورٹ 100 سالہ طویل منصوبہ بندی کے تحت بنایا جائے گا۔
منصوبے کے لیے تقریباً 2 سے 2.5 ہزار ایکڑ زمین درکار ہوگی۔
ایئرپورٹ کارگو اور عوامی استعمال دونوں کے لیے ہوگا۔
عالمی ماہرین 15 ماہ میں فزیبلٹی رپورٹ تیار کریں گے۔
سالانہ تقریباً 16 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
اجلاس میں مختلف مقامات پر ایئرپورٹ تعمیر کرنے کی تجاویز زیر غور آئیں، جن میں خیرپور کے قریب ٹنڈو مستی بھی شامل ہے۔ حتمی فیصلہ مکمل ڈیٹا اور تکنیکی جائزے کے بعد کیا جائے گا۔
مقررین کے مطابق یہ جدید انٹرنیشنل ایئرپورٹ عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، جو تعلیم، صحت، تجارت، ثقافت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گا۔
اجلاس میں قومی سلامتی اور فضائی دفاع کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔