جیکب آباد: پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح حملہ، درجنوں گھروں کو آگ لگا دی گئی

جیکب آباد (ویب ڈیسک): جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جہاں مسلح افراد نے حملہ کر کے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ تحصیل ٹھُل کے علاقے میں پیش آیا، جہاں میرپور برڑو تھانے کی حدود میں واقع گاؤں محمد صدیق آرائیں پر سینکڑوں مسلح افراد نے مبینہ طور پر حملہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کئی گھنٹوں تک علاقے میں دندناتے رہے اور شدید فائرنگ کے بعد گھروں کو نذرِ آتش کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران کھلے عام تباہی مچائی گئی اور مؤثر مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ پسند کی شادی کے تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ لڑکی کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں لڑکی اور لڑکے نے حیدرآباد کی عدالت میں شادی کر لی تھی۔
مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سو گھروں اور ان میں موجود سامان کو آگ لگا کر مکمل طور پر جلا دیا گیا، جس کے باعث علاقے کے مکین شدید متاثر ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔