اسلام آباد (ویب ڈیسک): پی ٹی آئی بانی عمران خان سے ملاقات کے دن پارٹی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل نہ آمد پر ان کی بہن علیمہ خان شدید ناراض ہو گئیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پارٹی کے منتخب اراکینِ اسمبلی کیوں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ پی ٹی آئی بانی کے ووٹ سے اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں انہیں آج یہاں ہونا چاہیے تھا۔
پارٹی رہنما شاہد خٹک نے علیمہ خان کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کا پیغام پارلیمانی گروپ اور خیبرپختونخواہ کے ایم این ایز گروپ میں شیئر کر دیا تھا اور سب کو جیل آنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ان کے مطابق اگلے ہفتے خیبرپختونخواہ کے تمام اراکین اور وزیرِ اعلیٰ اڈیالہ جیل آئیں گے۔
علیمہ خان نے اس موقع پر کہا کہ جو لوگ اڈیالہ جیل نہیں آ سکتے انہیں اپنے عہدے اور سیٹیں چھوڑ دینی چاہئیں، اور انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کے نام پر ووٹ لینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔