کراچی: بحری قزاقوں کے قبضے میں ‘اونر 25’، یرغمال پاکستانیوں کی نئی تصویر جاری، اہل خانہ سے رابطہ

کراچی: صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز ‘اونر 25’ کے عملے کی بحفاظت واپسی کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے معروف رہنما انصار برنی نے قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانیوں کی ان کے اہل خانہ سے بات کروائی، جبکہ بحری قزاقوں کی جانب سے یرغمالیوں کی نئی تصویر بھی جاری کر دی گئی ہے۔جاری کردہ تصویر میں تمام پاکستانی ایک چھوٹے کمرے میں محفوظ حالت میں بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ انصار برنی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 14 روز سے قید افراد میں سے کچھ کی طبیعت ناساز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صومالی قزاق حکومت سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں، تاہم تاحال اس میں کامیابی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جہاز کے مالک نے تعاون نہ کیا تو اسے عالمی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔انصار برنی کے مطابق ابھی تک قزاقوں کی جانب سے کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا، جبکہ یرغمالیوں میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے جسے بھارت نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔