تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی منصوبے ‘پروجیکٹ فریڈم’ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ‘پروجیکٹ ڈیڈ لاک’ قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ X پر اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں حالیہ پیش آنے والے واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ کسی بھی سیاسی بحران کا فوجی حل ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کے باعث مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، ایسے میں امریکا کو چاہیے کہ وہ بدخواہ عناصر کے باعث دوبارہ کسی دلدل میں نہ پھنسے۔ایرانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کو بھی محتاط رویہ اختیار کرنا چاہیے۔انہوں نے امریکی منصوبہ بندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘پروجیکٹ فریڈم’ درحقیقت ‘پروجیکٹ ڈیڈ لاک’ ہے، اور اس سے پاکستان کی ثالثی میں جاری کامیاب مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو سکتے ہیں۔