جنوبی افریقہ میں ایک حیران کن اور خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے ایک دیوہیکل مگرمچھ کو دریا سے نکال کر اس کا معائنہ کیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بہادر پولیس افسر نے کارروائی کے دوران اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد مگرمچھ کو قابو میں لے کر دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے مگرمچھ کو منتقل کر رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مگرمچھ کی لمبائی تقریباً ساڑھے 4 میٹر جبکہ وزن لگ بھگ 500 کلوگرام تھا۔ طبی معائنے کے دوران اس کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں، جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک لاپتہ تاجر کی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 59 سالہ تاجر گیبریل باتیستا گزشتہ ہفتے سیلابی پانی میں بہہ کر لاپتہ ہو گیا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مگرمچھ نے اسے نگل لیا، جس کی نشاندہی ڈرونز کی مدد سے کی گئی۔
بعد ازاں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ جب اسے زمین پر لا کر چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے انسانی باقیات کے علاوہ ایک انگوٹھی اور جوتوں کے 6 جوڑے بھی برآمد ہوئے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دیگر افراد کے بھی ہو سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق تاجر سیلابی صورتحال کے دوران زیرِ آب پل عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ اپنے ہوٹل اور بار تک پہنچ سکے، تاہم اس دوران اس کی گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی تھی۔