مسائل میں گھرے پاکستانی عوام کے حق میں جماعت اسلامی پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے بعد ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ملک بھر میں تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے وکلا برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اشرافیہ کا نظام غریب عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈال کر چلایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں میں لیوی کی مد میں تقریباً 2400 ارب روپے عوام سے وصول کیے گئے، جو آئی پی پیز مافیا کو دیے جا رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ملک میں گزشتہ 50 سے 60 برسوں سے وراثتی سیاست کا نظام جاری ہے اور فارم 47 کے ذریعے اقتدار کا حصول مزید قابل قبول نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی ذاتی مفادات پر مبنی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ قربانیوں کے باوجود اپنا مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے، لہٰذا وکلا آگے آئیں اور عوامی جدوجہد میں ساتھ دیں۔