اسلام آباد ہائیکورٹ: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے مرکزی اپیلوں کی سماعت کے لیے 8 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب مرکزی اپیلیں مقرر ہو گئیں تو سزا معطلی کی درخواستیں غیر مؤثر ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور اہلِ خانہ سے ملاقات سے متعلق درخواست پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دو دن کے اندر بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل وجوہات کے ساتھ تحریری حکم جاری کرے، جبکہ 6 مئی کو انہیں ذاتی حیثیت میں بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں درخواست کی کاپی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جیل حکام کو درخواست بذریعہ کوریئر اور ذاتی طور پر بھی جمع کرائی گئی ہے۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے قبل درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔
وکیل کے مطابق 16 اور 17 اپریل کی درمیانی رات بشریٰ بی بی کی سرجری بھی ہوئی تھی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاملہ جیل حکام کے سامنے رکھا جا رہا ہے تاکہ وہ اس پر فیصلہ کریں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔