گوجرانوالہ میں ماں اور کمسن بیٹی کا قتل، تفتیش جاری

گوجرانوالہ (ویب ڈیسک): تھانہ گرجاکھ کی حدود رحمت پورہ میں نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر ماں اور اس کی کمسن بیٹی کو تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون اور اس کی بیٹی کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں۔ حیران کن طور پر حملہ آور نے گھر میں موجود دوسری کمسن بچی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی گوجرانوالہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
مقتولہ کے شوہر نے بتایا کہ وہ پیشے کے لحاظ سے پینٹر ہے اور واقعے کے وقت کام پر گیا ہوا تھا۔ بار بار فون کرنے کے باوجود جواب نہ ملنے پر ہمسایوں کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے گھر جا کر لاشیں دیکھیں اور پولیس کو آگاہ کیا۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔