لاہور (ویب ڈیسک)پنجاب اسمبلی Punjab Assembly نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں دو سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد منظور کر لی، جس میں عوامی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہا گیا۔
حکومتی رکن احسن رضا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کی گئی، جس میں وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور بصیرت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، جبکہ انہوں نے مختصر عرصے میں خود کو عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ثابت کیا ہے۔
ایوان نے حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں کو بھی سراہا، جن میں Nawaz Sharif Cancer Institute، “اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم، “دھی رانی” پروگرام، “ہمت کارڈ”، “ستھرا پنجاب” مہم اور “گرین ٹریکٹر اسکیم” شامل ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ہر شہری کو بلاامتیاز ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور تمام منصوبے شفاف انداز میں جاری ہیں۔
ارکانِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنی انتظامی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب کو جدید اور خوشحال ماڈل بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔