کراچی(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری سیکٹر 36 میں گٹر کی صفائی کے دوران 3 مزدور زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق مزدور صفائی کے لیے گٹر میں اترے تھے کہ اس دوران اچانک بے ہوش ہوگئے۔ بعد ازاں ریسکیو کارروائی کے ذریعے انہیں باہر نکالا گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تینوں مزدور جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے پر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل سرجانی کے علاقے میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں 3 افراد صفائی کے لیے گٹر میں اترنے کے بعد بے ہوش ہوگئے تھے۔ ان کی مدد کے لیے چوتھا شخص بھی نیچے اترا، جس کے بعد چاروں افراد کو باہر نکالا گیا۔ بعد میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص محفوظ رہا۔
یہ واقعات شہری علاقوں میں سیوریج صفائی کے دوران حفاظتی انتظامات کی کمی پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔