راولپنڈی (ویب ڈیسک)تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا تین روزہ اہم سرکاری دورہ مکمل ہو گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں علاقائی سیکیورٹی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں مصروف دن گزارے اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی اسپیکر، ایرانی وزیر خارجہ اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران اہم امور پر اتفاق کیا گیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے علاقائی تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات کی اہمیت اور کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا جبکہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے حل کے لیے پاکستان کے فعال کردار کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے دی گئی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات ایرانی حکام تک پہنچائیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط بنایا جائے گا