واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کئی معاملات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے اور اس حوالے سے جلد اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔
بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ “ایران کے بارے میں اچھی خبر ہے، کل کچھ بڑا ہو سکتا ہے اور ایک بڑا سرپرائز بھی مل سکتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ ایران کی بندرگاہوں پر پابندیاں برقرار رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ متعدد نکات پر بات چیت جاری ہے اور ان کے نمائندے مذاکرات میں مصروف ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ وہ خود کریں گے اور ممکن ہے جنگ بندی سے متعلق بھی کوئی نیا فیصلہ سامنے آئے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایک “اہم اور ذہین شخصیت” کل وائٹ ہاؤس آئے گی اور صبح ایک بڑی پریس کانفرنس بھی کی جائے گی، تاہم یہ ایونٹ براہِ راست ایران سے متعلق نہیں ہوگا مگر اس پر سوالات ضرور اٹھیں گے۔
انہوں نے لبنان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ لبنان کو دوبارہ مستحکم بنانے میں مدد کرے گا۔ اس کے ساتھ اسرائیلی وزیراعظم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات پر اختلاف موجود ہے، تاہم نیتن یاہو ایک اچھے پارٹنر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز کو کمرشل جہازوں کے لیے کھلا رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جنگ بندی سے مشروط ہوگا اور کسی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں اسے دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔