حیدرآباد (ویب ڈیسک): سندھ حکومت کا بڑا اعلان، خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز اسکیم حیدرآباد تک توسیع
سندھ حکومت نے کراچی اور سکھر کے بعد اب حیدرآباد میں بھی خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سکھر میں کامیاب آغاز کے بعد اب حیدرآباد کی خواتین کو بھی اس سہولت سے مستفید کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو نہ صرف مفت اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی بلکہ انہیں ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور باقاعدہ تربیت بھی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار اور خوداعتماد بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت مختلف منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیرپور سے روہڑی اور خیرپور سے رانی پور روٹس پر بھی جلد پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں کوہسار، حیدر چوک اور حیدرآباد سے ٹنڈو الہیار تک بھی اس سروس کا جلد آغاز کیا جائے گا۔
سینئر وزیر کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد عوام کو سستی، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ خاص طور پر خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے۔