پاکستان اور چین کے درمیان اہم ملاقاتیں، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

واشنگٹن (ویب ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں اسٹریٹجک شراکت داری، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر چین کے وزیر خزانہ لان فوآن اور پیپلز بینک آف چائنا کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور آئی ایم ایف میں چینی کردار کو سراہا۔

انہوں نے چینی حکام کو پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو چکا ہے، جس کی منظوری مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ ادا کر دیا ہے اور سعودی عرب سے اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی ہے، جس سے بیرونی مالی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔

مزید برآں انہوں نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ اب رینمنبی (RMB) میں ہو رہا ہے، جس کے باعث کرنسی سوآپ سہولت میں اضافہ ضروری ہے۔

آخر میں وزیر خزانہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔