سکھر (ویب ڈیسک)سکھر میں ہاری جدوجہد کمیٹی کی جانب سے ایک ماہ قبل قتل ہونے والے صعیب انڑ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
نئی پل کے مقام پر ہونے والے احتجاج کی قیادت جانثار کھوسو، شعیب انڑ، عاشق ڈومکی، اللہ داد جاگیرانی اور عرس چوہان سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انصاف کے حق میں نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل سکھر کے آباد تھانے کی حدود میں دن دہاڑے صعیب انڑ کو بے دردی سے قتل کیا گیا، لیکن واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس کی سست روی کے باعث ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں، جس سے متاثرہ خاندان شدید کرب میں مبتلا ہے۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ صعیب انڑ کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے