تہران( ویب ڈیسک )ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان تہران میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے اہم عسکری ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور ایران کے تعلقات میں بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔