راولپنڈی (ویب ڈیسک)راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں رشتے کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ ٹیکسلا کے علاقے محلہ مکران میں ملزم نجیب اللہ نے گھر میں گھس کر پہلے فائرنگ کی اور بعد ازاں تیز دھار آلے سے تین افراد کو قتل کر دیا۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
مقتولین کی شناخت 23 سالہ سمیہ گل، 26 سالہ دانش اکرم اور 40 سالہ شہلا کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سمیہ گل اور دانش اکرم نے پسند کی شادی کی تھی، جسے ملزم نے قبول نہیں کیا اور اسی رنجش میں یہ خوفناک اقدام اٹھایا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ٹیکسلا اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔