سرکاری ملازمین کے لیے نئی ہاؤسنگ کالونی کی منظوری،

پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اور بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے نئی ہاؤسنگ کالونی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کی زیر صدارت ہونے والے جنرل باڈی اسپورٹس بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ اسپورٹس کے ملازمین کے لیے رہائشی کالونی بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سوئمنگ پولز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں سوئمنگ کی رجسٹریشن فیس کو آدھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں تمام اسپورٹس کمپلیکس کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ اور ایک جدید کنٹرول روم کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف اسپورٹس سائنسز کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر نے شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات دیے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی پر تنزلی کی جائے گی۔ سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کی بھی منظوری دی گئی۔