پٹرولیم لیوی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان، حکومت پر سخت تنقید: حافظ نعیم الرحمان

پٹرولیم لیوی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان، حکومت پر سخت تنقید: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (ویب ڈیسک): جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس کے معاملے پر عدالت سے رجوع کیا جائے گا، کیونکہ یہ ٹیکس عوام پر بڑا ظلم ہے۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ایک لیٹر پٹرول پر تقریباً سوا سو روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جبکہ جنگ بندی کی صورتحال کے بعد توقع تھی کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی، لیکن صرف 12 روپے کی کمی کی گئی جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کو اڑھائی سو روپے تک لایا جائے اور اگر لیوی ٹیکس ختم کیا جائے تو معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور اس کا فائدہ ملک کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر طبقہ ٹیکس سے بچ رہا ہے جبکہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والا طبقہ پورا بوجھ اٹھا رہا ہے، اور حکومت لیوی ٹیکس سے سینکڑوں ارب روپے کما رہی ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکا مذاکرات ایک خوش آئند اقدام ہیں اور پاکستان نے اس عمل میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض اطلاعات کے مطابق فریقین معاہدے کے قریب پہنچ چکے تھے لیکن کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے معاملہ مکمل نہ ہو سکا۔