پاکستان کی ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش

اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق دو پاکستانی عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستان نے تجویز دی ہے کہ سیز فائر کی مدت ختم ہونے سے قبل مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کیے جائیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ ممکنہ طور پر جمعرات کو شروع ہو سکتا ہے، جبکہ امریکی حکام نے بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ دونوں فریق ایک بار پھر معاہدے کے لیے بات چیت پر غور کر رہے ہیں۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا عمل اب بھی جاری ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق معاہدے تک پہنچنے کے لیے پیش رفت ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، جو تقریباً 21 گھنٹے جاری رہا لیکن کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گیا۔

اس حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور امریکا نے اپنی تجاویز ایران کے سامنے رکھ دی ہیں، اب فیصلہ ایران کے پاس ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران ایک منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہے، جبکہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ نیا جنگی بحران روکنا ضروری ہے اور اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، روس ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔