یروشلم: اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی بہت جلد ختم ہو سکتی ہے، خاص طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان ناکام مذاکرات کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا امکان ہے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایران کی بندرگاہوں پر مجوزہ امریکی ناکہ بندی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں ایران کے جوہری پروگرام پر سخت اقدامات پر زور دیا گیا۔ ان کے مطابق اہم ہدف ایران سے افزودہ جوہری مواد کا خاتمہ اور یورینیم کی افزودگی کو روکنا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ یہ معاملہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے تحت امریکہ اور اسرائیل حملے روک دیں گے جبکہ ایران تیل کی ترسیل کے راستے دوبارہ کھولے گا۔یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے۔