ملتان میں پولیس مقابلہ، خواتین سے بدسلوکی میں ملوث خطرناک ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان ہلاک

ملتان میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے نازیبا سلوک کرنے والے خطرناک ڈکیت گروہ کے چار کارندے، سرغنہ سمیت، پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق یہ گروہ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران گھروں میں داخل ہو کر نہ صرف قیمتی سامان اور نقدی لوٹتا تھا بلکہ خواتین پر تشدد اور زیادتی جیسے جرائم میں بھی ملوث تھا۔

28 دسمبر 2017 کو پولیس اسٹیشن سیتل ماڑی کو ایک ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس میں ملزمان ایک گھر میں گھس کر میاں بیوی کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے نقدی، زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ شوہر کو رسیوں سے باندھ کر کمرے میں بند کر دیا اور خاتون کو تشدد اور بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔

واقعے کے بعد پولیس نے خفیہ اطلاعات اور مخبروں کی مدد سے ملزمان کی نگرانی شروع کی۔ سادہ لباس میں اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے، جس کے نتیجے میں گروہ کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش متعدد سنگین وارداتوں کا اعتراف کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے۔

بعد ازاں پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی، تاہم کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں چار ملزمان ہلاک ہو گئے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔